18 اگست 2014 - 12:20
افغانستان، پر تشدد واقعات میں کئی ہلاک

طالبان نے افغانستان کے14 فوجیوں کو مارنے کا دعوی کیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے دعوی کیا ہے کہ فارياب صوبے کے گرزيون علاقے میں ہونے والے دھماکے میں ایک تیل ٹینکر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں اس پر سوار6  افراد ہلاک ہو گئے۔ اسی ذرائع کے مطابق طالبان نے ہفتے کی رات زابل صوبے کے گرماو علاقے میں حملہ کرکے 2  افغان فوجیوں کو قتل کر دیا تھا۔
در ایں اثنا طالبان کے ایک اور ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے بتایا ہے کہ ہفتہ کی رات افغانستان کی فوج کے ایک ٹینک پر كنڑ صوبے کے غازی آباد شہر میں حملہ کیا گیا جس میں 6  فوجی ہلاک ہو گئے۔
دوسری جانب طالبان نے بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے والے 13  افراد کا اغوا کر لیا۔ ان لوگوں کا اغوا غزنی کے نانی علاقے سے کیا گیا۔ خبریں لکھے جانے تک اغوا شدہ افراد کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہو سکی ہے۔ اس سے پہلے بھی طالبان، بارودی سرنگ ناکارہ کرنے والےافراد کا اغوا کر چکے ہیں جن میں کچھ کو بعد میں قتل کر دیا گیا۔
ادھر شمالی افغانستان سے 22 دہشت گردوں کی گرفتاری کی اطلاع ہے۔
بغلان صوبے کے پولیس کمیشنر امین اللہ امر خیل نے بتایا کہ مرکزی بغلان، تالہ، برفک اور دوشی کے علاقوں سے 22 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس سے بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولے بارود بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کاروائی میں دو ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد ہوئے ہیں۔
.......

/169